Search

پشاور میں پاکستانی فضائیہ کے کیمپ پر حملہ، ’آٹھ دہشت گرد ہلاک‘

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جمعے کی علی الصبح صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پاکستانی فضائیہ کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کاررائی میں اب تک آٹھ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے فوجی اہلکاروں کی تعداد دس ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق کیمپ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں قائم پاکستانی فضائیہ کے کیمپ میں سات سے دس حملہ آوروں نےگارڈ روم پر حملہ کیا اور سات سے دس حملہ آوروں نےسکیورٹی حصار توڑ کر کیمپ میں گھسنے کی کوشش کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کوئیک ری ایکشن فورس نے وہاں پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جبکہ علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
پاکستان فوج کے مطابق کوئیک ری ایکشن فورس کی مدد سے کیے جانے والے آپریشن کی سربراہی پشاور بریگیڈ کمانڈ کر رہے ہیں۔
پشاور سے نامہ نگار بی بی سی عزیز اللہ خان نے بتایا کہ پولیس کے مطابق یہ حملہ صبح چھ بجے کے قریب کیا گیا۔
سپرٹنڈنٹ پولیس شاکر بنگش نے بتایا ہے کہ پولیس نے فضائیہ کے کیمپ کے ارد گرد کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ جبکہ فضائیہ کے کیمپ کے ارد گرد موجود رہائشی علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے۔
Image copyrightAFP
Image captionکیمپ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے
کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس وقع کی مذمت کی اور بتایا کہ ابھی کیمپ کے اندر کارروائی جاری ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ بھی موجود ہے۔
مشتاق غنی نے اس حملے کو دہشت گردوں کی جانب سے فوجی آپریشن ضرب عضب کا رد عمل قرار دیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق اس حملے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں جلد میڈیا کو آگاہ کیا جائےگا۔
وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشت گرد کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ پشاور کے علاقے بڈھ بیر قبائلی علاقے خبر ایجنسی اور ایف آر پشاور سے متصل ہے اور ماضی میں بھی یہاں شدت پسندوں کی جانب سے کارروائیاں کی گئی ہیں۔
پشاور میں پاکستانی فضائیہ کے کیمپ پر حملہ، ’آٹھ دہشت گرد ہلاک‘ پشاور میں پاکستانی فضائیہ کے کیمپ پر حملہ، ’آٹھ دہشت گرد ہلاک‘ on ستمبر 17, 2015

کوئی تبصرے نہیں: