حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں 1200 پوائنٹس سے زائد کی کمی
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے اور انڈیکس میں اب تک 1214 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
مارکیٹ میں مندی کی وجہ سے انڈیکس 60000 کی سطح سے نیچے 59850 کی سطح تک آگیا۔
پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کے بعد سٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی جا رہی ہے اور اب تک تین کاروباری دنوں میں انڈیکس میں 4214 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ روز 1878 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور منگل کے دن اب تک مارکیٹ مین 1214 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان میں سٹاک مارکیٹ کے تجزیہ کار مارکیٹ میں مندی کی وجہ ملک کے سیاسی حالات کو قرار دیتے ہیں جن میں الیکشن اور اس نتائج نے مزید غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
تجزیہ کار ملک میں آنے والے دنوں میں مزید سیاسی کشیدگی کے خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔
تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں مندی کی سب سے بڑی وجہ سیاسی حالات ہیں کیونکہ الیکشن کے نتائج کے بعد ملک میں سیاسی عدم استحکام کے خدشات بڑھ گئے ہیں جس نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کیے۔
انھوں نے کہا کہ ایک مخلوط کمزور حکومت ایسے فیصلے کرنے سے قاصر نظر آئے گی جو غیر مقبول ہوں۔
انھوں نے کہا پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد، سبسڈی کے خاتمے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جو سرمایہ کاروں کاروں کے مطابق اس الیکشن کے بعد نہیں بن پائے گی جس کی وجہ سے معیشت کے لیے اہم فیصلے لینا مشکل ہو گا۔
شہر یار بٹ نے کہا تین صوبوں میں تین مختلف پارٹیوں کی حکومت بنے گی جس کا مطلب ہے کہ محاذ آرائی بڑھے گی اور اسی طرح جو پارٹیاں ہار گئی ہیں وہ احتجاج کرنے کا اعلان کر چکی ہیں جس نے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب کیے۔
شہر یار بٹ نے کہا سیاسی حالات کے علاوہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں حکومت کے گردشی قرضوں کے خاتمے کے منصوبے کو پروگرام کی شرائط سے ہم آہنگ نہ قرار دینے نے بھی مارکیٹ میں منفی رجحان پیدا کیا کیونکہ اس کہ وجہ سے تیل و گیس کمپنیوں کے حصص میں بڑی کمی دیکھی گئی۔
Over 1200 points drop in stock market amid political maneuvering for government formation
Reviewed by 00000
on
فروری 12, 2024
Rating:

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں