Champions Trophy 2025: Questions you want to know, including ticket search, schedule, stadium preparations!
چیمپیئنز ٹرافی 2025: ٹکٹوں کی تلاش، شیڈول، سٹیڈیمز کی تیاری سمیت وہ سوال جن کے جواب آپ جاننا چاہتے ہیں!
پاکستان میں 19 فروری سے شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے جہاں ہر جانب پاکستان میں میدانوں کی تیاری زیرِ بحث ہے وہیں اب لوگ ٹکٹوں کی خریداری سے لے کر میچوں کے شیڈول تک مختلف معلومات میں دلچسپی لیتے نظر آ رہے ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی بطور ٹورنامنٹ لگ بھگ آٹھ برس بعد دوبارہ منعقد ہو رہا ہے اور گذشتہ 30 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی آئی سی سی ٹورنامنٹ پاکستان کی سرزمین پر منعقد ہو رہا ہے۔
پاکستان میں آخری مرتبہ سنہ 1996 کا ورلڈ کپ منعقد ہوا تھا، جس کے بعد سکیورٹی وجوہات کے باعث ملک میں کوئی آئی سی سی ٹورنامنٹ منعقد نہیں ہو سکا۔
سنہ 2008 میں پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی منعقد ہونا تھی تاہم ملک میں دہشتگردی کی لہر کے باعث ٹورنامنٹ جنوبی افریقہ منتقل کر دیا گیا تھا۔
ہم نے اس صدی میں پہلی مرتبہ پاکستان میں منعقد ہونے والے اس آئی سی سی ٹورنامنٹ کے بارے میں دلچسپ معلومات اور سوالات کے جوابات دینے کی کوشش کی ہے۔
پاکستان سات سال سے چیمپیئنز ٹرافی کا دفاعی چیمپیئن کیوں ہے؟
اگر یہ کہا جائے کہ اس ٹورنامنٹ کے ساتھ آئی سی سی اور براڈکاسٹرز کافی عرصے تک ابہام کا شکار رہے تو یہ غلط نہیں ہو گا۔
چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سنہ 1998 میں پہلی بار بنگلہ دیش میں منعقد ہوا تھا اور اس کا نام ’آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی‘ رکھا گیا تھا۔
سنہ 2000 کے ایڈیشن کے بعد اس کا نام تبدیل کر کے چیمپیئنز ٹرافی رکھا گیا تھا اور اسے ہر دو سال بعد منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
جب سنہ 2008 والا ٹورنامنٹ پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کے باعث ایک سال کی تاخیر سے جنوبی افریقہ میں منعقد ہوا تو اگلے برس یعنی 2010 میں ٹورنامنٹ کی میزبانی ویسٹ انڈیز کو کرنی تھی تاہم سنہ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور اس کے بعد شروع ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے باعث ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی بڑھتی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سنہ 2010 کی چیمپیئنز ٹرافی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بدل دیا گیا تھا۔
آئی سی سی نے سنہ 2013 میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے باعث چیمپیئنز ٹرافی کے 2013 ایڈیشن کو آخری قرار دیا جا رہا تھا۔ تاہم ڈبلیو ٹی سی کے مؤخر ہونے کے باعث سنہ 2017 کے ٹورنامنٹ کو آخری قرار دیا گیا تاہم ان دونوں ہی ٹورنامنٹس کی کامیابی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے گرتے براڈکاسٹ نمبرز کے باعث سنہ 2021 میں نہ کھیلے جانے والا یہ ٹورنامنٹ اب 2025 میں واپس آ رہا ہے۔
Champions Trophy 2025: Questions you want to know, including ticket search, schedule, stadium preparations!
Reviewed by 00000
on
جنوری 31, 2025
Rating:

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں